کراچی: پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دے دیا گیا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حسنین کو بولنگ سے روک دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں نوجوان فاسٹ بولر کے ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی رپورٹ کے مطابق محمد حسنین کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیئے جانے کے بعد انہیں ہر قسم کی کرکٹ میں بولنگ کرانے سے روک دیا گیا ہے، حسنین ایکشن کی درستگی تک بولنگ کیلئے معطل رہیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ محمد حسنین کی ایک سے زائد گیندوں پر ٹیسٹ میں اعتراض سامنے آیا ہے جس کے باعث محمد حسنین کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قراد دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ محمد حسنین اپنا بولنگ ایکشن درست کرکے دوبارہ ٹیسٹ دیں گے، محمد حسنین بولنگ ٹیسٹ کلیئر ہونے پر دوبارہ ایکشن میں آئیں گے۔
بولنگ ایکشن کی درستی کیلئےپاکستان کرکٹ بورڈ نوجوان فاسٹ بولر کی معاونت کرے گا۔
یاد رہے کہ محمد حسنین کا بولنگ ایکشن آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کے دوران رپورٹ ہوا، بگ بیش میں حسنین نے سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کی تھی۔
محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ لاہور میں آئی سی سی کی منظور شدہ بائیو مکینک لیب میں ہوا تھا۔
حسنین کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار، پی سی بی کا بیان بھی سامنے آ گیا
دوسری جانب پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیئے جانے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محمد حسنین کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ 21 جنوری کو لاہور میں کیا گیا، کرکٹ آسٹریلیا کے ماہرین نے حسنین کے بولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا جس کی تفصیلی رپورٹ آج موصول ہوئی ہے۔
ترجمان پی سی بی نے بتایا کہ گڈ لینتھ، فل لینتھ، باؤنسر اور سلو باؤنسر ڈیلیوریز کرتے ہوئے حسنین کے بازو کا خم 15 ڈگری سے بڑھ جاتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے یقین ہے کہ محمد حسنین کے ایکشن کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے، پی سی بی بولنگ کنسلٹنٹ کا تقرر کرے گا جو حسنین کے ساتھ بولنگ ایکشن پر کام کرے گا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 7 کی ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارش پر حسنین کو لیگ میں مزید شرکت کی اجازت نہیں ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ غیر قانونی بولنگ ایکشن کی درستگی تک حسنین بین الاقوامی کرکٹ میں بھی بولنگ سے معطل رہیں گے۔