Aaj Logo

شائع 03 فروری 2022 03:14pm

نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کے بجلی کے نرخوں میں 2.59 روپے کمی کا امکان

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے دسمبر 2021 کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں 2.59 روپے فی یونٹ کمی کا امکان ہے۔

کراچی کے صارفین کو 3 ارب روپے کا ریلیف مل سکتا ہے کیونکہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے دسمبر کے لیے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی وجہ سے کے-الیکٹرک کے ٹیرف میں 2.59 روپے فی یونٹ بجلی کے نرخوں میں کمی کا اشارہ دیا ہے۔

نیپرا نے دسمبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں 1.79 روپے فی یونٹ کمی کے لیے کے الیکٹرک کی درخواست پر کی۔

سماعت چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت ہوئی۔

کراچی الیکٹرک کمپنی نے دسمبر کے لیے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 79 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کردی۔

کے الیکٹرک کے اہلکار نے دوران سماعت بتایا کہ ٹیرف میں کمی کی بنیادی وجہ مہنگے فرنس آئل کا کم استعمال ہے۔

سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے علاوہ کہیں سے بھی ایندھن کا انتظام کر سکتا ہے۔

کے الیکٹرک کے سی ایف او عامر غازیانی نے کہا کہ وہ متبادل ذرائع سے ایندھن کے انتظامات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

نیپرا کے چیئرمین نے کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے درمیان گیس سپلائی ایگریمنٹ (ایس جی اے) کے بارے میں پوچھا تو کے سی ایف او نے جواب دیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی سے گیس کی فراہمی کے معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔

تاہم سماعت کے دوران نیپرا نے کے ای کی طرف سے فراہم کردہ حسابات میں کچھ ایڈجسٹمنٹ کی ہے اور مشاہدہ کیا کہ درخواست میں کمپنی کی طرف سے 1.79 روپے فی یونٹ کی بجائے کمی تقریباً 2.59 روپے فی یونٹ ہوگی۔

نیپرا حکام نے کہا کہ ٹیرف میں کمی سے کے ای کے صارفین کو تقریباً 3 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔

نیپرا نے سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ نومبر کے مہینے کے لیے بھی نیپرا نے ماہانہ ایف سی اے کے تحت کے ای کے ٹیرف میں 0.76 روپے فی یونٹ کمی کی تھی۔

Read Comments