پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی شرمیلا فاروقی کی جانب سے مشہور ٹیلی ویژن میزبان نادیہ خان کو ان کی والدہ کی متنازعہ ویڈیو پر 50 ملین روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔
اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر شیئر کیے گئے نوٹس میں شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے کہ نادیہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ہتک آمیز ویڈیوشائع کی ہے جس میں انہوں نے ان کی والدہ انیسہ فاروقی کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کی ہے اور ان کے میک اپ لک پر ان کا مذاق اڑایا ہے۔
نوٹس میں نادیہ کو 15 دن کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ نہ صرف اپنے ریمارکس واپس لے بلکہ معافی بھی مانگے اور 50 ملین روپے بطور معاوضہ ادا کریں۔
نوٹس میں لکھا گیا ہے :"سندھ کی رکن صوبائی اسمبلی مسز شرمیلا فاروقی کی جانب آپ کے یوٹیوب پر شائع کردہ ہتک آمیز ویڈیو کی وجہ سے ہتک عزت آرڈیننس 2002 کے سیکشن 8 کے تحت آپ کو درج ذیل قانونی نوٹس بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔"
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے:"میرا مؤکل ایک مشہور سیاستدان ہے اور آپ نے مذکورہ ویڈیو کے نتیجے میں اس کی شخصیت کو داغدار کیا ہے۔ یہ ایک معروف حقیقت ہے کہ جو بھی یوٹیوب چینل چلاتا ہے اسے ویوز اور مصروفیت کا معاوضہ ملتا ہے۔"
اس میں مزید کہا گیا : "یہ بدقسمتی ہےکہ نادیہ جیسی معروف میڈیا پروفیشنل اس طرح کی لاپرواہی کا مظاہرہ کریں گی۔"
واضح رہے کہ اس تنازعے کی وجہ نادیہ خان کی ایک ویڈیو ہے جس میں انہوں نے انیسہ فاروقی کے میک اپ سے متعلق کے ساتھ بات چیت کی ہے۔
شرمیلا نے اسے مذاق قرار دیتے ہوئے نادیہ کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج کروایا، انہوں نے نادیہ کو بے شرم عورت بھی قرار دیا۔