ایف آئی اے پشاور نے دو مشتبہ افراد کو حوالہ ہنڈی میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
جب کہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے بھی کراچی ایئرپورٹ پر منی لانڈرنگ کی مبینہ کوشش کے الزام میں ایک خاتون سمیت دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر خواجہ حماد کے مطابق پشاور کے موٹروے ٹول پلازہ پر ٹیم نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے ٹیم نے ملزم سے 40,500 امریکی ڈالر، 13,300 ملائیشین رنگٹ اور 75,310 یورو برآمد کیے جو غیر ملکی کرنسی کا جواز پیش نہیں کر سکے۔
ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم راولپنڈی سے پشاور تک کرنسی کا ’کیرئیر‘ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹانک میں مسعود مارکیٹ میں الفاروق جیولرز پر ایک اور چھاپہ مارا گیا اور طاہر عطا کو ایف آئی اے نے پکڑ لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ (جے آئی اے) پر منی لانڈرنگ کی مبینہ کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک خاتون سمیت دو ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کے غیر ملکی کرنسی نوٹ برآمد کر لیے۔