لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو میں واقع گھر میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 3 بچے جھلس کر دم توڑ گئے، میاں بیوی اوربچوں سمیت 5افراد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، بدقسمتی سے کسی کو جان بچانے کی مہلت نہ ملی، 3 بچے جھلسنے سے شدید زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔
آگ میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے میں 2سالہ علی عباس، 4 سالہ زہرا اور 6 سالہ لاریب بیٹی شامل ہے جبکہ زخمیوں میں 40 سالہ مراتب علی اور 35 سالہ فرزانہ مراتب میاں بیوی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ زخمیوں میں 3 بچے علی رضا، علی حسن اور علی حمزہ بھی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کلئےم جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا آتشزدگی کے باعث 3 بچوں کی اموات پر اظہار افسوس
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چونگی امر سدھو میں آتشزدگی کے باعث 3 بچوں کی اموات پر افسوس کااظہار کیا اور کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔