لاہور:پنجاب بھر میں شدید سردی اور دھند کا راج ہے، دفاتر اور تعلیمی اداروں میں جانا محال ہوگیا، حدنگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے کو کئی مقامات سے بند کرنا پڑا جبکہ ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہے۔
سرمئی بادلوں کے ساتھ دھند کی سفیدی چھائی ہوئی ہے، پنجاب بھر میں بارشوں کا اسپیل تو تھم گیا، اب ایک بار پھر دھند واپس لوٹ آئی ہے، سردی بھی زیادہ لگ رہی ہے جبکہ میدانی مقامات پر پہاڑی علاقوں کے نظارے مل رہے ہیں۔
خوبصورت موسم میں سست روی کی شکار ٹریفک مسائل بڑھا رہی ہے جس سے شہری بے حد پریشان ہیں۔شاہ کوٹ، چک جھمرہ، جہانیاں، شرقپور شریف، وہاڑی اور کہروڑ پکا سمیت پنجاب کے مختلف علاقے بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
شدید دھند کے باعث بند کی گئی موٹروے ایم 2اور ایم 3کو حد نگاہ بہتر ہونے پر کھول دیا گیا جبکہ دھند کے بادل فلائٹ آپریشن اور ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر کررہے ہیں۔