لاہور: پنجاب حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کردیا جبکہ حکومت پنجاب نے مری کو آفت زدہ قرار دے دیا۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنا ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو سرگرمیوں کیلئے دے دیا ،موسم بہتر ہوتے ہی ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے گا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ مری کی صورتحال کے تناظر میں تمام اداروں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ،پولیس، انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور اسپتالوں میں ہنگامی حالت کا نفاذ کیا گیا ہے جبکہ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ریلیف کمشنر، ڈی جی ریسکیو 1122اور ڈی جی پی ڈی ایم کو ریسکیو سرگرمیوں کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مری میں برفباری میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو بحفاظت نکالنا پہلی ترجیح ہے،مری اور ملحقہ علاقوں میں تمام ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری اداروں کو سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ڈی جی ریسکیو 1122 کو فوری طور پر مری جا کر ریسکیو آپریشن کو لیڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، سنو کٹر اور ضروری مشینری راولپنڈی اور دیگر شہروں سے مری بھجوائی گئی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ سیاحوں کی زندگیاں سب سے اہم ہیں، سیاحوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے ،سیاحوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور ضروری امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزیدکہنا تھا کہ برفباری سے 19افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر دلی رنج ہوا ہے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،امدادی سرگرمیوں کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔