لاہور:وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 23مارچ کو مارچ کا اعلان کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں،حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی جس میں سیاسی اموراورامن عامہ کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی میں سیاسی انتقام کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا،الزامات کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں،ہماری حکومت نے سیاسی انتقام کی منفی سیاست کو ختم کیا ہے، منفی رویے اور انتشار کی سیاست ملک کی یکجہتی اور استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں۔
شیخ رشید نےکہا کہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے اورکرتی رہے گی،23مارچ کو مارچ کی تاریخ دینے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیئے، قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیرداخلہ کا مزیدکہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے امن وعامہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے، حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے اورکرتی رہے گی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی۔