لاہور: پاکستان کے حوالے سے ایک تازہ سروے کے مطابق پاکستانیوں کی اکثریت ملک میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی سے ناخوش ہے۔
پیرس میں قائم ریسرچ اینڈ کنسلٹنگ فرم آئی پی ایس او ایس کے سروے کے مطابق 55 فیصد شہریوں نے پی ٹی آئی کی حکومت کی کارکردگی کو بدترین قرار دے دیا جبکہ 13 فیصد شہری حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں جبکہ 32 فیصد شہریوں نے اسے اپنی توقعات کے مطابق قرار دیا۔
ہفتے کے روز منظر عام پر آنے والے سروے کے مطابق 46 فیصد لوگوں نے کہا کہ انہوں نے 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا۔
سروے میں لوگوں کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں اور اپوزیشن جماعتیں بھی گزشتہ تین سالوں میں ان کی توقعات پر پورا نہیں اتریں۔
جبکہ 5 میں سے 3 پاکستانیوں نے کہا کہ وہ صوبائی حکومتوں کی کارکردگی سے مایوس ہیں۔
اس کے علاوہ 56 فیصد لوگوں نے اس عرصے کے دوران اپوزیشن جماعتوں کی کارکردگی سے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ سروے 18 سے 24 دسمبر 2021 تک کیا گیا تھا اور اس مقصد کیلئے 1100 افراد سے انٹرویو کئے گئے تھے۔
حکومتی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرنے والوں میں مسلم لیگ (ن) کے 56 فیصد، پیپلز پارٹی کے 47 فیصد اور دیگر جماعتوں کے 51 فیصد ووٹرز تھے۔
دوران سروے کم از کم 63 فیصد پاکستانیوں نے صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر ناراضگی ظاہر کی، 10 فیصد نے کارکردگی کو مساوی پایا جبکہ 27 فیصد نے اسے اپنی توقعات کے مطابق قرار دیا۔
صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر تنقید کرنے والوں میں سے 82 فیصد کی بڑی اکثریت کا تعلق خیبرپختونخوا اور بلوچستان صوبوں سے ہے، 75 فیصد سندھ اور 52 فیصد پنجاب سے ہے۔