لاہور:سال 2021کے آخری روز کا سورج بالآخر طلوع ہوگیا، لاہور میں شہری جہاں نئے سال کیلئے دعائیں کررہے ہیں وہیں بیتے دنوں کی کھٹی میٹھی یادوں کے ساتھ گھروں میں نیو ایئر نائٹ کا پلان بنا لیا ہے۔
سال 2021اختتام پذیر ہو رہا ہے، آخری روز کا سورج بھی کرنیں پھیلائے یادوں کو سمیٹ رہا ہے، لاہور کے جیلانی پارک میں صبح سویرے شہریوں نے بے شمار بیتے دن یاد کئے مگر ساتھ ہی نیو ایئر نائٹ منانے کیلئے گھروں میں پارٹی کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔
نئے سال سے بہت سے امیدیں اور توقعات وابستہ ہوتی ہیں، شہری بھی سال 2022میں مہنگائی سے چھٹکارے اور ملک و قوم کی سلامتی کی دعا کرتے رہے۔
ضلعی انتظامیہ نے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر شہر میں نظم و ضبط قائم رکھنے کی ہدایت کررکھی ہے تاہم شہریوں کوسڑکوں پر ہلڑ بازی سے روکنے کیلئے بھی پولیس اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔
شہریوں نے سال 2021 کو مہنگا ترین سال قرار دے دیا
دوسری جانب شہریوں نے سال 2021 کو مہنگا ترین سال قرار دے دیا، کہتے ہیں ہر چیز کے نرخ بلندیوں کو چھو رہے ہیں، حکومت نے سوائے مہنگائی کے کچھ نہیں کیا، لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں کا ماننا ہے کہ رواں سال حکومت ریلیف تو دور مہنگائی پر مہنگائی ہی کرتی رہی، تاریخ کا خطرناک سال رہا، آمدن انتہائی کم مگر گھر کے کرائے، بجلی گیس کے بل اور اشیا خورونوش کی خریداری کسی امتحان سے کم نہ رہی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی انتہا کو پہنچی،پیڑول کے نرخ آسمان کو چھو رہے ہیں،لوگ پیدل سفر کر کے زندگی کا پہیہ چلا رہے ہیں۔
شہری ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا گو ہونے کیلئے حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں غریب عوام کی زندگی آسان بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائیں ۔