راولپنڈی: راولپنڈی سٹی پولیس آفیسر ساجد کیانی نے انکشاف کیاہے کہ ایک 29 سالہ شخص نے پاکستانی نژاد امریکی شہری اپنی سابقہ بیوی کو قتل کرنے اور اس کی لاش کو لکی مروت میں دفنانے کا اعتراف کیا ہے۔
ڈان اخبار کے مطابق راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پولیس چیف ساجد کیانی کا کہنا تھا کہ ملزم رضوان حبیب بنگش نے اپنی سابقہ اہلیہ 47 سالہ وجیہہ فاروق سواتی کو اغواء کرنے کے بعد قتل کیا اور لاش کو لکی مروت منتقل کیا جہاں اس نے اپنے نوکر کے گھر کے ایک کمرے میں دفن کر دیا۔
پریس کانفرنس میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن سید غضنفر علی شاہ اور ایس پی (پوٹھوہار ڈویژن) رانا عبدالوہاب بھی موجود تھے۔
قتل کی وجہ بتاتے ہوئے سی پی او نے کہا کہ یہ سامنے آیا کہ وہ اپنی لاکھوں روپے کی جائیداد واپس مانگ رہی تھی، جو اس نے طلاق سے قبل رضوان کے نام منتقل کی تھی۔
پولیس چیف نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے قاتل کی خود فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر لاش لکی مروت میں ایک گھر سے برآمد کی۔
پولیس چیف ساجد کیانی نے بتایا کہ لاش کو راولپنڈی منتقل کیا جا رہا ہے،اور "چونکہ مرد نے خاتون کو راولپنڈی میں قتل کیا، اس لئے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لایا جائے گا جس کے بعد اسے تدفین کیلئے ورثا کے حوالے کر دیا جائے گا۔
پولیس نے ملزم کے والد اور نوکر کو بھی قتل میں معاونت اور اس کی حوصلہ افزائی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
سی پی او نے کہا کہ پولیس کے تفتیش کاروں نے شواہد اکٹھے کرنے اور تفتیش کے دوران مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کیلئے کئی شہروں کا دورہ کیا۔
ساجد کیانی نے کہا کہ پولیس نے ہائی پروفائل قتل کیس کو حل کرنے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی اور انسانی ذہانت کا استعمال کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر کیس کو حل کرنے کیلئے ایس ایس پی انوسٹی گیشن شاہ کی نگرانی میں چار خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
ساجد کیانی نے کہا کہ امریکی سفارت خانہ بھی ان کے ساتھ رابطے میں ہے۔
سی پی او نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ کیس کے بارے میں 'غیر تصدیق شدہ' معلومات پر بھروسہ کرنے سے گریز کریں کیونکہ تحقیقات ابھی جاری ہیں، جبکہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس جلد ہی اس کیس میں دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کر لے گی۔
سی پی او ساجد کیانی کا کہنا تھا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہم تمام تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کریں گے۔