Aaj Logo

شائع 18 دسمبر 2021 10:17am

سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

پنجاب اور سندھ حکومتوں نے بالترتیب 23 دسمبر اور 20 دسمبر سے اسکولوں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے، جب کہ بلوچستان حکومت نے 2 دسمبر کو جاری کیے گئے موسم سرما کی تعطیلات کے شیڈول میں ترمیم کی ہے۔

صوبہ بلوچستان کے "سمر زون" کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات 25 دسمبر سے 4 جنوری تک ہوں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق "ونٹر زون" میں اسکول 28 فروری 2022 تک بند ہیں۔

جبکہ اس سے قبل ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے 3 جنوری سے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا سوائے ان علاقوں کے جو شدید موسمی حالات سے متاثر ہیں۔

ٹویٹر پر وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے اعلان کیا کہ صوبے بھر کے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات 23 دسمبر سے 6 جنوری 2022 تک ہوں گی۔

انہوں نے کہا، "پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 23 دسمبر سے شروع ہونے والی موسم سرما کی تعطیلات کے لیے بند رہیں گے۔"

صوبائی وزیر تعلیم نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں۔پنجاب پر دھند اور سموگ کی گھنی تہیں اتر گئی ہیں جس نے صوبے میں روزمرہ کی زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سموگ اور دھند دونوں ہی برقرار رہنے کا امکان ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے 20 دسمبر سے تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔

صوبے میں کل 16 چھٹیاں ہوں گی۔

Read Comments