سکھر : دریائے سندھ میں پائی جانے والی نایاب نسل مچھلی جس کو بلائنڈ انڈس ڈولفن کہتے کے 27 ڈولفنز مختلف کینالوں میں پھنس گئی ہیں ، جس کے بعد ڈپٹی کنزرویٹر نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔
اس حوالے سے وائلڈ لائف سکھر کے ڈپٹی کنزرویٹر عدنان حامد خان نے ریڈ الرٹ لیٹر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے سندھ سے راستہ بھٹک کر نایاب نسل کی 27 انڈس ڈولفن مختلف کینالوں میں داخل ہوگئی ہیں جن کو آپریشن کر کے واپسی کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف کینالوں پر مقرر کردیا گیا ہے۔
جاری کردہ لیٹر کے مطابق دادو کینال میں 3، مدیجی و سکھر کے نزدیک 2، میرواہ کینال میں 3، کھیرتھرکینال میں 4، روہڑی کینال میں 6، نارا کینال میں 3 ، پٹ فیڈر میں 2 ، گھوٹکی فیڈر میں 4 جبکہ ابل واہ فیڈر میں 2 نایاب نسل کی انڈس ڈولفن پھنس گئی ہیں۔
وائلڈ لائف سکھر کے مطابق مجموعی طور پر 27 ڈولفن کو ریسکیو کرنے کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔
ڈپٹی کنزرویٹر حامد خان کا کہنا ہے کہ ریڈ الرٹ جاری کر کے آپریشن کو تیز کیا گیا ہے تاکہ نایاب نسل کی انڈس ڈولفنز کو جلد سے جلد ریسکیو کر کے دریائے سندھ کے حوالے کیا جائے۔
واضح رہے کہ 2001 میں کیے گئے سروے کے مطابق دریائے سندھ میں انڈس ڈولفنز کی تعداد 965 ہے جس میں گڈو سے سکھر تک سب سے زیادہ 602 انڈس ڈولفنز موجود ہیں ۔