پشاور پولیس نے 2 اشتہاری مجرمان کو مقابلے میں ہلاک کردیا، دونوں مجرمان پولیس مقابلے سمیت 13 قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
سی سی پی او پشاور عباس احسن نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس مقابلے میں 2 اشتہاری مجرمان شیرزئی اور شیرکئی جن کا تعلق افغانستان سے تھا کو ہلاک کردیا گیا۔
مجرمان پولیس مقابلے سمیت 13 قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، اس کے علاوہ پولیس بھتہ خوری میں بھی ملوث تھے۔
سی سی پی او کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کی اطلاع پر پہلے تھانہ ناصر باغ کی حدود میں کارروائی کی گئی جہاں چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار راحت زخمی ہوا جس کے بعد ناصر باغ سے فرار ہو کر ملزمان تھانہ پشتخرہ کی حدود تاج آباد قبرستان میں روپوش ہوئے تھے۔
اطلاع ملنے پر جیسے ہی پولیس ٹیم تاج آباد قبرستان پہنچی تو ملزمان نے دوبارہ پولیس پارٹی پہ اندھا دھند فائرنگ شروع کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم رپورٹ کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا،جائے وقوعہ سے 2پستول اور مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل تحویل میں لے لیا گیا ۔