کوئٹہ : پولیس حکام نے لڑکیوں کی فحش ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا
کچھ روز قبل خاتون نے خلجی برادران کیخلاف شکایت درج کرائی تھی، جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں نے اس کی بیٹیوں کو اغواء کیا اور ان کی نامناسب ویڈیوز بنائی۔ خاتون نے ثبوت کے طور پر پولیس کو ویڈیوز بھی دکھائیں۔
کوئٹہ پولیس نے جمعہ کو خواتین کی نامناسب ویڈیوز بنانے اور انہیں بلیک میل کرنے کے الزام میں 2 بھائیوں کو گرفتار کرلیا۔
قائد آباد کے ڈی ایس پی عاصم شاہ نے پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان ہدایت اللہ خلجی اور خلیل خلجی کو کوئٹہ کے اندرونی مشرقی مضافاتی قصبے ماری آباد میں چھاپے کے دوران پکڑا گیا۔
پولیس نے ملزمان سے لیپ ٹاپ، میموری کارڈ، ٹیبلٹ اور موبائل فون برآمد کر لئے، الیکٹرانک ڈیوائسز سے جمع کئے گئے ویڈیو شواہد سے معلوم ہوا کہ ملزمان خواتین کو ہراساں، تشدد اور بلیک میل کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کے ملزم لڑکیوں کونوکری کا جھانسہ دے کرنشہ آور مواد دیتا اورپھر نازیبا ویڈیوز بناتا تھا۔
اس بات کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ دونوں ملزمان اس سے پہلے بھی کئی خواتین کو اغواء کرکے ہراساں کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے میں ملوث رہے ہیں۔
ڈی ایس پی شاہ نے مزید بتایا کہ ملزمان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، ہراساں کرنے اور اغواء کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔