لاہور:سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے کے بعد پنجاب حکومت ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے متحرک ہوگئی۔
سیالکوٹ کی گارمنٹس فیکٹری میں سری لنکن منیجر کے مقدمہ قتل کی پیروی اور واقعات کا جائزہ لینے کیلئے پراسیکیوشن کی خصوصی ٹیم آج سیالکوٹ جائے گی،پراسیکیوشن ٹیم کی سربراہی پراسیکیوٹر اے ٹی سی عبدالروف وٹو کریں گے۔
پراسیکیوشن کی خصوصی ٹیم سانحہ سیالکوٹ کے تفتیشی افسر سمیت اعلیٰ پولیس حکام سے ملاقات کرے گی جس میں پولیس افسران پراسیکیوشن ٹیم کو اب تک ہونے والی تفتیش سے متعلق بریفنگ دیں گے۔
پراسیکیوشن کی کمیٹی جائے وقوعہ کے دورے کے ساتھ واقعے کی ویڈیوز کا معائنہ کرے گی جبکہ تفتیش مکمل کروانے کیلئے کمیٹی قانونی رائے دے گی۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ ملزمان کا ٹرائل جلداز جلد مکمل کروانے کی کوشش کی جائے گی،پراسیکیوشن کی خصوصی ٹیم شواہد اکٹھے کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کا جیل ٹرائل کرنے کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا۔