پشاور:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کبھی نہیں کہا کہ ملک کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے، ہمارا منشور پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔
پشاورمیں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت مائیکرو ہیلتھ انشورنس پروگرام کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں، جب پارٹی بنائی تو ہمارا منشور بڑا واضح تھا، اسلامی فلاحی ریاست سے مراد ریاست مدینہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوامیں تیزی سےغربت کم ہوئی،خیبرپختونخوامیں پہلی بارکسی جماعت کو دوسری بار چنا گیا ، خیبرپختونخوا میں ہرخاندان کے پاس ہیلتھ انشورنس ہے، پنجاب میں بھی ہرخاندان کو ہیلتھ انشورنس دے رہے ہیں، ہیلتھ کارڈ سے 10لاکھ تک مفت علاج کراسکیں گے، پوری دینا میں کہیں بھی یونیورسل ہیلتھ انشورنس نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا میں مکمل لاک ڈاؤن کیلئے دباؤ ڈالا گیا، بھارت میں سخت لاک ڈاؤن کی مثالیں دی گئیں ، پاکستان نےسب سے بہترین انداز میں کورونا کا مقابلہ کیا، کورونا سے عوام اور معیشت کو محفوظ رکھا۔
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، خطےمیں سب سے کم قیمت پر پیٹرول دے رہے ہیں، ملک میں پیدا ہونے والی چیزوں کی قیمتیں کم رکھیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے، غریب خاندانوں کیلئے ریلیف پیکج لارہے ہیں، 20 لاکھ غریب خاندانوں کیلئے 4 پروگرام لارہے ہیں، بلاسود قرض، گھر بنانے کیلئے قرض اور ٹیکنیکل تعلیم دیں گے، غریب خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس بھی دیں گے، آدھا ٹیکس قرض پر سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ آمدن، برآمدات اور ٹیکس محصولات میں اضافہ ہورہا ہے، آمدن بڑھنے کے ساتھ غریبوں کو مزید ریلیف دیں گے، تاریخ میں سب سےزیادہ اسکالر شپ دے رہے ہیں، 63 لاکھ نوجوانوں کو اسکالرشپ دے رہے ہیں، ماضی میں میرٹ پر اسکالر شپ نہیں دی جاتی تھی۔