اسلام آباد:الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) قانون سازی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردی گئی ،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ای وی ایم قانون سازی کالعدم قرار دینے کی شہری کی درخواست نامکمل قرار دے دی۔
اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نےالیکٹرونک ووٹنگ مشین قانون سازی سے متعلق شہری کی درخواست پرسماعت کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایاکہ ای وی ایم دھاندلی کی منصوبہ بندی ہے، قانون سازی کالعدم قراردی جائے۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ آپ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی قانون سازی کی کن شقوں پراعتراض ہے؟ای وی ایم قانون سازی کی کون سی شقیں آئین سے متصادم ہیں؟ایسے نامکمل درخواست دائر نہ کریں ورنہ جرمانہ ہو جاتا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست کی درستگی کیلئے مہلت دی جائے ، جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری کی مہلت کی استدعا منظور کرتےہوئے سماعت ملتوی کردی۔