سیالکوٹ واقعے کی نئی ویڈیو فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد، وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کو اعلان کیا کہ سری لنکن شہری پریانتھا دیا وادانہ کو ہجوم سے بچانے کی کوشش کرنے پر حکومت ملک عدنان کو تمغہ شجاعت سے نوازے گی۔
پریانتھا کمارا کے قتل سے پہلے بنائی گئی ایک نئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فیکٹری کے پروڈکشن مینیجر ملک عدنان مقتول کو ہجوم سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'پوری قوم کی جانب سے میں ملک عدنان کی بہادری اور اخلاقی جرات کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں کہ جنھوں نے سیالکوٹ میں اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہوئے پریانتھا دیاوادنا کو پناہ دینے اور خود کو ڈھال بنا کر انھیں جنونی جتھے سے بچانے کی پوری کوشش کی۔ ہم انہیں تمغۂ شجاعت سے نوازیں گے'۔
ملک عدنان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے کام میں مصروف تھے ۔اچانک شور اٹھنے پر جب وہ وہاں پہنچےتو چالیس، پچاس افراد پریانتھا پر تشدد کر رہے تھے۔ وہ انسانیت کی خاطر اپنے ساتھی کو بچانا چاہتے تھے مگر بعد میں وہ بھی تشدد کا نشانہ بن گئے۔
ملک عدنان کی وڈیو میظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ہمت اور بہادری کو سراہا۔
ایک ٹوئٹر صارف نے کہا کہ پُر جوش ہجوم کے سامنے کھڑا ہونا آسان کام نہیں۔ عدنان کا یہ قدم قابلِ تحسین ہے۔
معروف گلوکار شہزاد رآئے نے بھی اپنی ٹویٹ میں ملک عدنان کو انسانیت کا علمبردار قرار دیا۔
مشہور صحافی و کالم نگار رئوف کلاسرا نے ٹوئٹ کیا کہ حقیقی طور پر قوم کا ہیرو ملک عدنان ہے جس نے آخر وقت تک کوشش کی۔
دوسرے صارفین نے بھی عدنان کی تعریف کی ۔
واضح رہے کہ سر ی لنکن مینیجر کو مبینہ طور پر توہینِ مذہب کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنا کر بے دردی سے قتل کر کے ان کی لاش کو جلا دیا تھا۔