لاہور:پنجاب میں اسموگ کے باعث تعلیمی ادارے کل سے 3روز کیلئے بند کئے جا رہے ہیں، تعطیلات پر طلبہ تو خوش ہیں لیکن والدین اور اساتذہ چھٹیوں کی بجائے اوقات کار میں کمی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ہنستی مسکراتی بچیاں کسی امتحان میں کامیابی پر نہیں بلکہ اسکولوں میں تعطیلات پر خوش ہیں، کورونا کے بعد اب اسموگ کے پیش نظر تعلیمی ادارے ہفتہ وار 3روز کیلئے بند ہو رہے ہیں، ہفتے کے آخری روز طالبات تو چھٹیاں ملنے پر خوش ہیں۔
تعلیمی اداروں کی بندش نے والدین اور اساتذہ کی پریشانی بڑھا دی ہے، کہتے ہیں مشکل سے بچوں کو پڑھائی کی جانب راغب کرتے ہیں پھر کوئی نہ کوئی مسئلہ آجاتا ہے۔
تعلیمی اداروں کی بندش پر نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کو بھی تحفظات ہیں جو اسکولوں کو بند کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔
پنجاب بھر میں اسموگ ، دنیا کے آلودہ شہروں میں لاہور آج بھی دوسرے نمبر پر
پنجاب بھر میں اسموگ کا راج برقرار ہے، دنیا کے آلودہ شہروں میں لاہور آج بھی دوسرے نمبر پر ہے۔
دھویں کے بادل پنجاب بھر میں چھائے ہیں، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور 367ایئر کوالٹی لیول کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں یہ انڈیکس بڑھتا ہی جاتا ہے جس کے باعث شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہیں۔
لاہور شہر کو فضائی آلودگی سے پاک کرنے کیلئے سی ٹی او لاہور نے ایکشن لیتے ہوئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایات دے دی اور کہاکہ 179کمرشل گاڑیاں بند کی جاچکی ہیں۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بہاولپور 477ایئرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ پہلے اور فیصل آباد 424اے کیو آئی سے دوسرے نمبر پر ہے۔