Aaj Logo

شائع 25 نومبر 2021 09:48am

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال، ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند

کراچی :پاکستان پیٹر ولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پاکستان پٹرلولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ملک بھر میں ہڑتال جاری ہے، کئی شہروں میں کہیں پیٹرول پمپس کھلے تو کہیں بند ہیں، جہاں پیٹرول دستیاب وہاں لوگوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں، نئے بحران پر شہری پریشان ہیں۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد کراچی کے بیشتر علاقوں میں پیٹرول پمپس بند پڑے ہیں جہاں کلفٹن، لیاقت آباد، صدر، سہراب گوٹھ، آئی آئی چند ریگر روڈ اور دیگر علاقوں میں بیشتر پمپس بند ہیں۔

شہر کے جن علاقوں میں اکا دکا پمپس کھلے ہیں وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہیں جبکہ شہری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے علاوہ بوتلوں میں بھی پیٹرول لے جارہے ہیں۔

روزگار کی تلاش میں نکلنے والے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ پمپس بند ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی پیٹرول پمپس بند

دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں جس کی وجہ سے شہری پیٹرول کیلئے مارے مارے پھررہے ہیں۔

پنجاب کے مختلف شہروں بھی میں پیٹرول پمپس بند

ادھر پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، پشاور اور دیگر شہروں میں بھی ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی کال پر پمپس بند ہیں جبکہ پمپس مالکان نے ڈیلرز کمیشن 6 فیصد تک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سرگودھا میں پمپس بند ہونے کی وجہ سے ناجائز منافع خوروں نے پیٹرول کے من پسند ریٹ وصول کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

ملک بھر میں آج تمام پیٹرول پمپ کھلے رہیں گے، وزارت پیٹرولیم

دوسری طرف ترجمان وزارت پیٹرولیم نے کہا کہ ملک بھر میں آج تمام پیٹرول پمپ کھلے رہیں گے ،وزارت توانائی پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن کو بڑھانے کیلئے کیس ای سی سی بھیجوا دیا، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ڈیلرز کے مارجن میں مناسب اضافے کیلئے وزارت کوشاں ہے۔

وزارت پٹرولیم کے ترجمان کا مزیدکہنا تھا کہ آئل سیکٹر کی مختلف تنظیموں نے وزارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ عوام کو کوئی فکر کرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال،پی ایس او سمیت تمام نجی کمپنیز کا لاتعلقی کا اظہار

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او )سمیت تمام نجی کمپنیز نے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہارکر دیا ۔

ترجمان پی ایس او کا کہنا ہے کہ ملک بھرمیں پی ایس او کے پیٹرول پمپس کھلے رہیں گے، حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، پیٹرول پمپس پر فیول کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ پی ایس او کی سپلائی چین بھرپور طور پر فعال ہے اورپی ایس او عوام کی خدمت کیلئے ہمیشہ کی طرح مستعد ہے۔

اوگرا نے پیٹرول پمپس کی بندش کے معاملےکا نوٹس لے لیا

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول پمپس کی بندش کے معاملےکا نوٹس لے لیا۔

ترجمان اوگرا کے مطابق ڈیلرز مارجن میں اضافے کے حوالے سے چند عناصر پیٹرول کی سپلائی میں خلل ڈالنےکی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اوگرا نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ تمام آؤٹ لیٹس پر پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیمیں فیلڈ میں صورتحال کو مانیٹر کریں گی،کسی بھی طرح سے سپلائی میں تعطل پیدا کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Read Comments