پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اور لیجنڈری اداکار سہیل اصغر انتقال کرگئے۔
اہل خانہ کے مطابق اداکار سہیل اصغر ڈیڑھ سال سے بیمار تھے اور گزشتہ ایک ہفتے سے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
سہیل اصغر کی نماز جنازہ کل بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔
سہیل اصغر کی پیدائش لاہور میں ہوئی اور وہیں انہوں نے تعلیم مکمل کی، جس کے بعد وہ ریڈیو پاکستان کا حصہ بنے، 1978 سے 1988 تک سہیل اصغر ریڈیو جوکی کے طور پر کام کرتے رہے جس کے بعد انہوں نے تھیٹر ڈراموں میں اداکاری شروع کی۔
سہیل اصغر پاکستانی مزاح کار، اسٹیج اور ٹی وی اداکار ہیں، اُنہوں نے لاہور سے اپنے کریئر کا آغاز کیا، اور لاہور میں تیار کیے جانے والے مزاحیہ اسٹیج ڈراموں سے بنیادی شہرت حاصل کی۔
اُن کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں لاگ، خدا کی بستی، کاجل گھر، دکھ سکھ ، حویلی، ریزہ ریزہ، پیاس، چاند گرہن اور دیگر ڈرامے شامل ہیں۔
اِس کے علاوہ 2003 میں اُنہوں نے پہلی مرتبہ چھوٹی اسکرین سے بڑی اسکرین پر قدم رکھا اور فلم "مُراد" میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، اُس کے بعد اُنہوں نے فلم "ماہ نور" میں بھی کام کیا۔