اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان اس وقت معاشی تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے، عالمی برادری ماضی کی غلطیاں دوہرانے سے بچے اورمثبت رابطہ جاری رکھے۔
افغانستان کی معاشی صورتحال،ممکنہ انسانی بحران اور قیام امن سے متعلق ٹرائیکا پلس کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔
اجلاس میں امریکا،روس، چین اور پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان اپنے اپنے وفود کی قیادت کررہے ہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پرامن، مستحکم، متحد، خود مختار اور خوش حال افغانستان چاہتے ہیں، افغانستان ہجرت کے خوفناک خدشات سے محفوظ رہے،افغانستان کےاندرفعال دہشت گرد عناصر کا خاتمہ ضروری ہے،امن و استحکام کے مشترکہ مفاد کا حصول سب کی ذمہ داری ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ مالی صورتحال میں مزید تنزلی نئی انتظامیہ کی حکومت چلانے کی استعداد کو بری طرح محدود کردے گی، اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زوردیا کہ افغان شہریوں تک رسائی کے طریقے تلاش کرے اوران کی مدد کریں۔