اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیو یارک پراپرٹی کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کی15 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2رکنی بینچ نے نیو یارک پراپرٹی کیس میں سابق صدرآصف زرداری کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نیب کا تیسرا ترمیمی آرڈی نینس بھی آ گیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیسز اور ضمانت کی درخواستیں کہاں جائیں گی؟ ۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ تیسرا ترمیمی آرڈی نینس وضاحت کیلئے آیا ہے، منی لانڈرنگ جرائم سے متعلق وضاحت کی گئی ہے، ضمانت سننے کا اختیار اب احتساب عدالت کو دیا گیا ہے، جن پٹیشنز کا فیصلہ ہو چکا وہ تو ٹھیک، زیر التوا ءدرخواستوں کو احتساب عدالت بھجوانا چاہیئے۔
اسلام آبادہائیکورٹ نے آصف زرداری کی 15 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے درخواست ضمانت نمٹادی۔
عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کو 15 دن میں ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ۔