لاہور:شاعر مشرق علامہ اقبال کا آج 144 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے،قوم کے جن نوجوانوں کو علامہ اقبال شاہین کی پرواز کا سبق دیتے رہے، آج ان کی پرواز کا محور کیا ہے۔
آج پاکستان بھر میں مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا یوم پیدائش ملی جذبے سے منایا جارہا ہے، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔
لاہور میں مزار اقبال پر منعقدہ تقریب میں پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور مزار کی اعزازی گارڈ کی ذمہ داریاں سنبھالی۔
پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور عامر اقبال خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
سیالکوٹ کے محلہ چوڑی گراں میں واقع 2 منزلہ برطانوی طرز تعمیر کی اس عمارت کو اعزاز حاصل ہے کہ یہاں 9 نومبر 1877 کو عظیم فلسفی شاعر اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال نے اپنی آنکھ کھولی، اقبال منزل آج بھی شاعر مشرق کے عقیدت مندوں کو ان کی زندگی کی جھلک دکھاتی ہے۔
9 کمروں پر مشتمل اقبال منزل میں علامہ اقبال کی پیدائش والے کمرے میں اور ان کا جھولا، مہمان خانہ، علامہ اقبال کے زیر استعمال پلنگ، حقہ، کرسی، کھانے کی میز، برتن، نایاب کتب اور تصاویر دیکھنے والوں کو علامہ اقبال کی یاد دلاتی ہیں۔
علامہ اقبال کی جائے پیدائش اور ان کے زیر استعمال اشیاء ایک تاریخی ورثہ ہیں، آنے والی نئی نسل کیلئے اس ورثہ کی حفاظت ہمارا قومی فریضہ ہے۔