Aaj Logo

اپ ڈیٹ 08 نومبر 2021 03:09pm

قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس، افغانستان اور ملکی داخلی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں افغانستان اور ملکی داخلی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ عسکری حکام کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان معاہدے سمیت معاملات پر بریفنگ دی گئی۔

اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزراء، مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اراکین نے شرکت کی جبکہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سمیت اعلیٰ عسکری قیادت بھی شریک ہوئی۔

عسکری حکام نے افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان خطے میں ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے، دشمن ممالک اس ساری صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہیں ،بار بارعالمی برادری پر زور دے رہے ہیں کہ وہ افغان حکومت کوتنہا نہ چھوڑے۔

حکام نے کہاکہ ابھی تک کسی بھی ملک نے طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا، عالمی برادری کے تسلیم کرنے پر ہی پاکستان طالبان حکومت کو تسلیم کرے گا،داعش افغانستان کیلئے آج بھی بڑا خطرہ ہے، جس کے خاتمے کیلئے افغان حکومت سےتعاون جاری ہے۔

اجلاس کے دوسرے سیشن میں وزارت داخلہ اور سیکیورٹی اداروں نے تحریک لبیک معاہدے پر بریفنگ دی۔

اپوزیشن اراکین نے معاہدہ خفیہ رکھنے سے متعلق حکومت کوکڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

Read Comments