Aaj Logo

شائع 07 نومبر 2021 09:47am

بغداد: وزیراعظم کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ، ویڈیو منظر عام پر

عراق میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں ایک ڈرون طیارے کو بغداد میں عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کی رہائش گاہ کی طرف جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اس ڈرون کے ذریعے وزیراعظم الکاظمی کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا۔

عراق کے سیکیورٹی میڈیا سیل کے مطابق دھماکا خیز مواد سے لدے ایک ڈرون نے اتوار کی علی الصبح بغداد میں عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کے گھر کو نشانہ بنایا، جسے عراقی فوج نے قاتلانہ حملہ قرار دیا، تاہم سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ الکاظمی بال بال بچ گئے۔

عراقی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں بغداد کے فول پروف گرین زون میں الکاظمی کے گھر کو نشانہ بنایا گیا۔

الکاظمی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم ٹھیک ہیں اور انہوں نے عوام سے بھی پرسکون رہنے کی اپیل کی ہے۔

دو سرکاری اہلکاروں نے بتایا کہ الکاظمی کے گھر کو کم از کم ایک دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے رائیٹرز کو بتایا کہ وزیر اعظم ٹھیک ہیں۔

ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

گرین زون میں تعینات مغربی سفارت کاروں نے کہا کہ انہوں نے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی ہیں۔

عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے آج اتوار کی صبح قاتلانہ حملے کی ناکام کوشش میں بچ جانے کے بعد ٹویٹر کے ذریعے اپنی خریت کی اطلاع دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'میں میں ٹھیک ہوں، الحمد للہ، میں عوام سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور پرامن رہنے کی تلقین کرتا ہوں۔'

انہوں نے مزید کہا کہ 'غداروں کے میزائل مومنین کے عزم اور حوصلوں کو پسپا نہیں کرسکتے۔ لوگوں کی سلامتی، انصاف کے حصول اور قانون کے نفاذ کے لیے ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کی استقامت اور اصرار پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔'

Read Comments