دبئی:انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ ٹی 20 ورلڈکپ 2022 کے سپر 12 مرحلے میں براہ راست رسائی حاصل کرنے والے ممالک کی فہرست جاری کردی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ 2022 کے سپر 12 مرحلے میں خود بخود رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کے حتمی نام سامنے آگئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق اس سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سپر 12 مرحلہ کھیلنے والی 12 ٹیموں میں سے 8 ٹیمیں آئندہ سال ہونے والے ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں اور انہیں اس مرحلے میں داخلے کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ نہیں کھیلنا پڑے گا۔
وہ 8 ٹیمیں جو ٹی 20 ورلڈکپ 2022 کے سپر 12 مرحلے میں داخلے کی حقدار ہوچکی ہیں ان میں میزبان آسٹریلیا، انگلینڈ ، بھارت، پاکستان ، نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقا، افغانستان اور بنگلادیش شامل ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق سپر 12مرحلے میں خود بخود رسائی کیلئے ورلڈکپ کی فاتح ٹیم اور رنر اپ سمیت فائنل کے بعد 15 نومبرکو بننے والی رینکنگ کے لحاظ سے بقیہ 6 ٹاپ ٹیموں کا فارمولا رکھا گیا تھا۔
آج آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد گزشتہ ٹی 20 ورلڈکپ کا فاتح ویسٹ انڈیز رینکنگ میں 10 ویں نمبر پر چلا گیا ہے اور بنگلادیش 8 نمبر پر آکر سپر 12 مرحلے میں اپنی جگہ یقینی بناچکا ہے جبکہ سری لنکا نویں نمبر پر موجود ہے۔
اس وقت آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں انگلینڈ پہلے نمبر پر براجمان ہے جس کے بعد بالترتیب پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، آسٹریلیا موجود ہیں اور ان کی پوزیشن میں تبدیلی مشکل ہے اور ساتویں نمبر پر موجود افغانستان کے بھی آٹھویں نمبر سے نیچے آنےکا امکان نہیں ہے۔
آئندہ سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کو 2021 کا سپر 12 مرحلہ کھیلنے والی دیگر 2 ٹیموں اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کے ساتھ راؤنڈ ون مرحلہ کھیلنا ہوگا جس میں کامیابی کے بعد ہی وہ سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرسکیں گی۔
یاد رہے 2020 میں ٹی 20 ورلڈکپ آسٹریلیا میں ہونا تھا تاہم کورونا وبا ءکے باعث اسے ملتوی کردیا گیا اب یہ ملتوی ہونے والا ٹی 20 ورلڈکپ 2022 میں آسٹریلیا میں ہوگا۔