مارول سینامیٹک یونیورس (MCU) کی نئی ایکشن فلم "ایٹرنلز" کی نمائش عالمی وبا کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہی، تاہم اب جمعے کو امریکی تھیٹرز میں نمائش ہونے جارہی ہے۔ فلم میں امریکا، میکسیکو، برطانیہ، آئرلینڈ، جنوبی کوریا، لبنان اور بھارت کے اداکاروں نے حصہ لیا ہے۔
ہیلو پاکستان میگزین نے فلم کی ریلیز سے متعلق انسٹا گرام اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کی ہے۔
اینجلینا جولی نے "تھینا" نامی جنگجو کا کردار نبھایا ہے، انہوں نے فلم کے پریمیئر کے موقع پر کہا کہ میں امید کرتی ہوں کہ آئندہ برسوں میں جب لوگ یہ فلم دیکھیں تو وہ اس کے تنوع کے بارے میں خیال نہ کریں بلکہ تب تک یہ عام روایت بن جائے۔
"ایٹرنلز" میں 10 لافانی ایلینز کی کہانی بتائی گئی ہے جو 100 برس قبل ایک دوسرے سے الگ ہوگئے تھے لیکن شیطانی مخلوقات سے لڑنے کے لیے ایک ہوگئے ہیں۔
برطانوی نژاد ایشیائی اداکارہ گیما چین نے "سرسی" کا مرکزی کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ کردار تہذیب کے آغاز کے وقت سے موجود تھے جس کی وجہ سے یہ انسانیت کی خوبصورتی کو ظاہر کرتے ہیں اور یہ سب بہت فطری محسوس ہوتا ہے۔
دیگر اداکاروں میں امریکی نژاد پاکستانی کمیل ننجیانی شامل ہیں جنہوں نے "کنگو" کا کردار ادا کیا ہے جو کہ مارول فلم کا پہلا جنوبی ایشیائی ہیرو ہے۔
فلم میں سلمیٰ ہائیک بھی شامل ہیں جو کہ ایٹرنلز کی رہنما ہیں اور ان کے کردار کا نام "اجک" ہے۔
لورین رڈولف نے "ماک کری" کا کردار نبھایا جو کہ مارول فلم کی سماعت سے محروم پہلی ہیرو ہے۔
لورین نے کہا کہ ہم نے بلیک لائیوز میٹر تحریک کا مشاہدہ کیا اور اس کے بعد اس متعلق گفتگو کی کہ اصل نمائندگی کیا ہوتی ہے، سب کی شمولیت کا کیا مطلب ہے۔