ابوظہبی: پاکستانی کپتان بابر اعظم اورمحمد رضوان ٹی20انٹرنیشنل میچز میں بطوراوپنر بیٹسمین سب سے زیادہ سنچری شراکت بنانے والے پلیئر بن گئے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے چوتھے میچ میں نمیبیا کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 113 رنز کی اہم شراکت قائم کی اور یوں انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بطور اوپنرز پانچویں بار سنچری کی شراکت قائم کرکے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔
بابرعظم اور محمد رضوان نہ صرف بھارتی بلکہ کیوی بیٹرز کو بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے سرفہرست آگئے ہیں۔
اس سے قبل بھارت کے اوپننگ بلے باز شیکھر دھون اور روہت شرما نے 4 بار سنچری کی شراکت قائم کی جبکہ نیوزی لینڈ کے بیٹرز مارٹن گپٹل اور کین ولیم سن نے بھی 4 بار ہی سنچری کی شراکت قائم کی۔
خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا سپر 12 مرحلہ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔
پاکستان گروپ 2 میں مسلسل 3 میچز میں کامیابی حاصل کرکے 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔