لاہور:ایئرٹریفک کنٹرولرکی مبینہ غفلت کے باعث بحرین سے اسلام آباد آنے والا غیر ملکی طیارہ حادثے سےبال بال بچ گیا جبکہ کپتان حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارہ کو اوپر لے گیا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئرٹریفک کنٹرولرکی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث غیرملکی طیارہ حادثے سےبال بال بچ گیا،پائلٹ کو غلط گائیڈ کرنے سے طیارہ 8 ہزارفٹ کے بجائے 5 ہزار فٹ بلندی پر آگیا۔
طیارہ جیسے ہی 5ہزار فٹ بلندی پر پہنچا گراؤنڈ پراکسیمیٹی وارننگ سسٹم جاری ہوگئی، جس پر کپتان حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارہ کو واپس اوپر لے گیا،جی پی وارننگ سسٹم نے پہاڑی علاقے کی نشاندہی کی تھی۔
ڈی جی سی اے اے نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرولر کو فوری طور پر معطل کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر کو ڈی جی سی اے اے کے حکم پر معطل کر دیا گیا،سی اے اے نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا، غیرملکی ایئرلائن کی پرواز بحرین سے اسلام آباد آرہی تھی۔