Aaj Logo

شائع 02 نومبر 2021 11:59am

گوگل اور مکیش امبانی نے 'دنیا کا سب سے سستا' سمارٹ فون لانچ کردیا

گوگل اور بھارت سے تعلق رکھنے والے ایشیا کے سب سے امیر شخص مُکیش امبانی نے بھارت میں دنیا کے سب سے سستے سمارٹ فون کے لیے ایڈوانس آرڈر کھول دیے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گوگل اور مکیش امبانی کا پیر کو اٹھایا گیا یہ اقدام تیزی سے فروغ پذیر مارکیٹ میں داخل ہونے کی دوڑ کا حصہ ہے۔

مکیش امبانی کی کمپنی "ریلائنس انڈسٹریز" نے گزشتہ سال جولائی میں اعلان کیا تھا کہ وہ 4G سمارٹ فون لانچ کرنے کے لیے گوگل کے ساتھ شراکت کرے گی۔ اس طرح وہ چینی اور جنوبی کوریائی مینوفیکچررز کے ساتھ مقابلہ کرے گی جن کی پوزیشن بھارت میں پہلے سے ہی مستحکم ہے۔

JioPhone Next 10 بھارتی زبانوں میں مواد پیش کرے گا اور اس کی قیمت 6400 روپے (یعنی 87 ڈالرز) ہے، جس میں سے صارفین ابتدائی طور پر 1999 روپے جبکہ باقی رقم قسطوں میں ادا کر سکیں گے۔

امبانی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ہینڈ سیٹ ایک "بریک تھرو ڈیوائس" ہے جو عام بھارتیوں کو بااختیار بنائے گا اور ان کے ڈیجیٹل سفر کو اگلے درجے تک لے جائے گا۔

لیکن ایم کے گلوبل فنانشل سروسز کے تجزیہ کار نیول سیٹھ اور سونالی شاہ نے ایک نوٹ میں کہا کہ قیمت کا ٹیگ فی الحال ’عوام کے لیے کافی پرکشش‘ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلائنس کی ٹیلی کام ونگ "Jio" نے پچھلے فونز کی قیمتوں میں کئی بار کمی کی ہے ’جس سے اس کی صارفین میں قبولیت میں تیزی آئی۔‘

واضح رہے کہ Jio اُنتالیس کروڑ 83 لاکھ سبسکرائبرز کے ساتھ بھارت کا سب سے بڑا موبائل نیٹ ورک آپریٹر ہے، جس نے 2016 میں لانچ ہونے پر مفت کالز اور انتہائی سستے ڈیٹا کے ساتھ مارکیٹ میں اضافہ کیا۔

مذکورہ نئے فون کی لانچنگ اس ہفتے کے آخر میں ہندو تہوار دیوالی کے موقع پر ہوئی ہے جو روایتی طور پر بھارت میں سال کا سب سے بڑا خریداری کا دورانیہ ہوتا ہے۔

Read Comments