پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکریٹری احسن اقبال کہتےہیں اب مسلم لیگ ن سندھ میں بھی اپنا بھرپور سیاسی کردار ادا کرے گی اور سندھ میں بھی وہی ترقی کروائیں گے جو پنجاب میں ہوئی ہے۔اگر آئین اور پارلیمنٹ کو کمزور کیاگیا تو پاکستان بھی کمزور ہوگا۔ اس وقت ملک میں یکجہتی کی ضرورت ہے۔
حیدرآباد میں سندھ ترقی پسندپارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی سے ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےاحسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج پاکستان بری صورتحال میں کھڑا ہے۔ قائد اعظم کے پاکستان کو تماشا بنادیا گیا ہے۔ملک کا آئین مذاق بن گیا ہے۔
انہوں نے کہامہنگائی حد سے زیادہ بڑھ چکی ہے۔امیر امیر سے امیر تر اور غریب غریب سے غریب تر ہوتا جارہا ہے۔ ملک میں تباہی آرہی ہے ۔ آج نیا پاکستان ڈراؤنا خواب بن گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں یکجہتی کی ضرورت ہے جس کے ذریعے ملک کو آئین کے راستے پر لے جایا جائے۔ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بھی یہی ہے کہ پاکستان کو مضبوط کریں۔ اگر ووٹ،پارلیمنٹ اور آئین کو نظرانداز کیا جائے گا تو پاکستان کبھی مضبوط نہیں ہوگا۔
احسن اقبال نے کہاآنے والے انتخابات میں ہم سندھ کی سیاست میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔سندھ میں بھی وہی ترقی کرائیں گے جو پنجاب میں کی ہے۔ ہم سندھ کے عوام کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہماری خدمت پنجاب میں آکر دیکھیں۔