ایشوریہ رائے بچن بولی وڈ کی ان اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے صرف بھارت میں ہی نہیں، بیرون ملک بھی اپنی خوبصورتی اور شاندار اداکاری کی بدولت خوب نام کمایا ہے۔
آج بھی دنیا کے ہر کونے میں ان کے مداح ہیں۔ آج ایشوریہ رائے بچن کا یوم پیدائش ہے۔ ان کی پیدائش آج ہی کے دن یعنی یکم نومبر 1973 کو کرناٹک کے منگلور میں ہوئی تھی۔ لیکن، فیملی کے ممبئی شفٹ ہونے کے سبب وہ بھی یہیں آگئیں اور پھر ان کی پڑھائی لکھائی یہیں سے ہوئی۔ ایشوریہ رائے اپنی خوبصورتی اور اداکاری کے علاوہ بچن فیملی کی بہو ہونے کے ناطے بھی الگ مقام رکھتی ہیں۔
امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن سے شادی کے بعد ایشوریہ رائے "بچن" ہوگئیں۔ لوگ آج بھی یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر کیسے ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن کے دل ملے اور ایشوریہ بچن فیملی کی بہو بن گئیں۔ آج ان کے یوم پیدائش کے موقع پر آپ کو بتاتے ہیں، ایشوریہ رائے کے بچن فیملی کی بہو بننے کے پیچھے کی کہانی۔
ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن کی پہلی ملاقات 2000 میں فلم "ڈھائی اکشر پریم کے" کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ ان دنوں ایشوریہ رائے اور سلمان خان کے لَو اسٹوری کے خوب چرچے تھے، لیکن بعد میں ان کا رشتہ ٹوٹ گیا۔ اس کے بعد وویک اوبرائے کے ساتھ ایشوریہ رائے کا نام جڑنے لگا اور بعد میں وویک اوبرائے سے بھی ایشوریہ رائے کا بریک اپ ہوگیا۔
ایشوریہ رائے سے پہلے ابھیشیک بچن کی منگنی کپور خاندان کی بیٹی کرشمہ کپور سے ہوئی، لیکن کسی وجہ سے دونوں کا رشتہ ٹوٹ گیا۔ "ڈھائی اکشر پریم کے" کے دوران ہوئی دوستی کا الگ پڑاؤ شروع ہوا "امراؤ جان" سے۔ سال 2006 میں فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں کے درمیان نزدیکیاں بڑھنے لگیں۔
ایک انٹرویو میں ایشوریہ نے انکشاف کیا تھا کہ ابھیشیک نے بے حد رومانٹک انداز میں انہیں پرپوز کیا تھا۔ ابھیشیک نے ٹورنٹو فلم فیسٹول میں "گرو" فلم کے پرموشن کے دوران نقلی انگوٹھی پہنا کر ایشوریہ رائے کو پرپوز کیا تھا اور انہوں نے بھی اس کے لئے رضا مندی ظاہر کردی۔ پھر 2007 میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
بے حد دھوم دھام سے ابھیشیک اور ایشوریہ کی شادی ہوئی، جس کے بعد ظاہر ہے ایشوریہ رائے، بچن فیملی کی بہو بنیں اور پھر انہوں نے امیتابھ بچن کے بنگلے "پرتیکشا" میں قدم رکھے۔ شادی کے تقریباً 4 سال بعد ایشوریہ رائے نے اپنی بیٹی ارادھیا کو جنم دیا، جن کا خیال رکھنے میں وہ کوئی کسر نہیں چھوڑتیں۔ آج ہر موقع پر ایشوریہ رائے اور ابھیشیک مستقل طور پر اپنی بیٹی ارادھیا کا خیال رکھتے ہوئے نظر آتے ہیں۔