کوئٹہ :بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء میر عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ نئےوزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے، وہ آج شام اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
ڈپٹی اسپیکربابرموسیٰ کی زیرصدارت بلوچستان اسمبلی کااجلاس ہوا،جہاں میرعبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ بلوچستان اسمبلی کےنئےقائدایوان منتخب ہوگئے ،اسی کے ساتھ انہوں نے بلوچستان کی تاریخ میں 2بار وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔
میرعبدالقدوس بزنجوکےحق میں 39ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ میرعبدالقدوس بزنجوکےمقابلےمیں کسی نےکاغذات جمع نہیں کرائے۔
میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے 17 ویں وزیر اعلیٰ ہیں ، اس سے قبل وہ جنوری 2018 ء میں بھی وزیراعلیٰ بلوچستان رہ چکے ہیں۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ کی حیثیت سے بلامقابلہ انتخاب کے بعد وہ گورنر ہاؤس میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے،گورنر بلوچستان سید ظہورآغا میر عبدالقدوس بزنجو سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیں گے۔
حلف برداری کی تقریب میں اراکین اسمبلی، سیاسی جماعتوں کے رہنما ءاور سول و ملڑی حکام شرکت کریں گے۔