آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم آج دوسرے اہم معرکے میں نیوزی لینڈ سے مدمقابل ہوگی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شارجہ اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔
پہلے میچ میں بھارت کو 10وکٹوں سے شکست دینے والی قومی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
کپتان قومی ٹیم بابراعظم اور بابر الیون نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بھی جیتنے کے لیے پرامید ہیں۔ بابر اعظم بھارتی ٹیم کو ہرانے کے بعد ہی اپنی نظریں اگلے شکار پر جمالی تھیں ۔
بابر اعظم نے اپنے میں ٹویٹ میں کہا تھا کہ 'پاکستان یہ جیت آپ کے لیے ہے، یہ تاریخ بن چکی ہے اب ساری توجہ اور نظریں اگلی گیم پر ہیں۔'
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر میچ شروع ہونے سے کچھ دیر قبل دورہ پاکستان چھوڑ کر واپس چلی گئی تھی۔
جس کے بعد پاکستان میں شائقین کرکٹ نے شدید غصے کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں نے بھی نیوزی لینڈ کے اقدام پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ دنیا بھر میں کرکٹ شائقین نے نیوزی لینڈ کے اقدام کو غیر منصفانہ قرار دیا تھا۔
جس پر ڈیویڈ ایلکس طنزیہ کہتے ہیں کہ آج ان کی سیکیورٹی کا مسئہ بھی حل کریں گے۔
پاکستانی شائقین کرکٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج ہونے والے پاک نیوزی لینڈ میچ کو اس تناظر میں اہم قرار دے رہے ہیں۔ اور گرین شرٹس سے امید کر رہے ہیں کہ وہ پاکستان میں ہونے والے کرکٹ کے نقصان کا بدلہ ضرور لیں گے۔