وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک میں ویکسی نیشن کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔
اپنی ٹوئٹ میں اسد عمر نے بتایا کہ آج ملک میں ویکسی نیشن کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، 6 کروڑ 80 لاکھ سے زائد لوگوں نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی، جن میں سے 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے، جب کہ 3 کروڑ افراد کورونا سے بچاؤ کی ایک خوراک لگوائی ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 39 ہزار 179 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 552 افراد میں کورونا وائرس رپورٹ ہوا جب کہ مثبت کیسز کی شرح 1.40 فیصد رہی۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث 15 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں کورونا کے باعث اموات کی تعداد 28 ہزار 359 ہوگئی جب کہ کورونا کیسز کی مجموعی تعداد12 لاکھ 67 ہزار 945 ہوگئی ہے۔