وزیراعظم عمران خان نے کم آمدنی والوں کے لیے پٹرول پر سبسڈی دینے پر پلان بنانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاسمیں مہنگائی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزراء اعلیٰ، گورنرز اور وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی۔ پی ٹی آئی کی مرکزی و صوبائی قیادت بھی شریک ہوئی۔
ملکی سیاسی اور پارلیمانی امور پر مشاورت کی گئی جبکہ اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کم آمدن والے افراد کو پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دینے کی تجویز پر غور شروع کر دیا گیا۔
موٹر سائیکل، رکشہ اور عوامی سواری کو سبسڈی ریٹ پر پٹرول دینے کا پلان اگلے اجلاس پیش کیا جائیگا، مہنگائی کم کرنے کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یوٹیلٹی سٹورز کے زریعے کم آمدن والے افراد کو ٹارگیٹڈ سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
پارٹی اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام وفاق اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ مالی معاونت سے شروع کیا جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غریب طبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا بڑا پروگرام جلد شروع کیا جائے، مہنگائی کے اثرات کا احساس ہے۔ حکومت صحت کارڈ، کسان کارڈ اور احساس پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھا رہی ہے۔
اجلاس میں سندھ میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر تشویش کا اظہار کیا گیا، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم عمران کو احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔ شوکت ترین ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
وزیراعظم کو ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پسماندہ طبقے کو مہنگائی سے بچانے کے لیے احساس ٹارگیٹڈ سبسڈی پروگرام رواں سال جلد جاری ہوگا۔ پروگرام کے لیے احساس اور نیشنل بینک کے اشتراک سے موبائل پوائنٹ آف سیل نظام تیار ہے۔ احساس کے اہل گھرانوں کو اس پروگرام کے ذریعے مخصوص اشیاء پر کریانہ سٹور سےخریداری پر رعایت ملے گی۔