افریقی ملک مالی کے وسطی علاقے میں دہشتگردوں نے بدھ کے روز سیکیورٹی فورسز پرحملہ کیا جس کے نتیجے میں16سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مالی کی فوج کی طرف سے پہلے جاری ایک بیان میں شدت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں پانچ فوجیوں کی ہلاکت اور آٹھ کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی تاہم وسطی مالی میں ایک طبی عہدیدار نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 16 بتائی ہے جبکہ 10 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
ایک سیکیورٹی ذرائع نے شناخت خفیہ رکھتے ہوئے بتایا کہ حملے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب وسطی مالی شہر بانکاس کے میئرمولائی گویندی نے خبررساں ادارے ’رائیٹرز‘ کو بتایا کہ دہشتگردوں کے حملے میں 16فوجی اہلکار مارے گئے۔ ایک دوسرے مقامی عہدیدار نے ہلاکتوں کی تعداد 10 بتائی ہے۔
قبل ازیں منگل کے روز عالمی سلامتی کونسل نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اس کی انکوائری شروع کی تھی۔
گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ نے اپنے ایک فوجی کی ہلاکت اور چار کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔