پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ملک کے اہم ترین خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلیجنس یعنی آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔
وہ اس عہدے پر تعیناتی سے قبل کراچی کے کور کمانڈر کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ لیں گے جو تقریباً ڈھائی سال تک اس عہدے پر فائز رہے اور اب انہیں پشاور میں 11ویں کور کا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج میں اعلیٰ سطحی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دیدی ہے۔
ایڈجوٹننٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کردیا گیا ہے، جبکہ کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کو کور کمانڈر کراچی کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں جبکہ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کیے گئے ہیں۔ میجر جنرل عاصم ملک کی لیفٹیننٹ جنرل کےعہدے پر ترقی ہوئی ہے جس کے بعد انہیں پاک فوج کے ایڈجوٹنٹ جنرل تعینات کر دیا گیا ہے۔
٭ نئے آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کون ہیں؟
لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشن حاصل کیا تھا، آپ کمانڈ، سٹاف اور انسٹرکچرل عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
آپ نے کمبائنڈ آرمرز سینٹر برطانیہ سے گریجویشن کی، کنگز کالج لندن اور این ڈی یو سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
نئے ڈی جی آئی ایس آئی روایتی خطرات سے نمٹنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم مغربی سرحد، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بلوچستان میں کمانڈ کر چکے ہیں، وہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کر چکے ہیں۔
لآپریشن ضرب عضب کے دوران یفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اس وقت کے قبائلی علاقے کُرم ایجنسی (سابق فاٹا) اور خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کر چکے ہیں، وہ آپریشن ردّالفساد کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان بھی رہے۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ڈی جی آئی ایس آئی بننے سے قبل کور کمانڈر کراچی تعینات تھے، ان کے کھیلوں میں پسندیدہ باسکٹ بال اور کرکٹ ہے، وہ پی ایم اے، سٹاف کالج اور این ڈی یو میں انسٹرکٹر بھی رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں کمانڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، لاور کراچی کور کے چیف آف سٹاف بھی رہے ہیں۔