بارباڈوس: ویسٹ انڈین لیجنڈ مائیکل ہولڈنگ نے بھی انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے گھمنڈی قرار دے دیا ۔
انگلش کرکٹ بورڈ کو اس ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا مگر کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کا بہانہ بناکر اس نے دورے سے انکار کردیاتاہم ای سی بی کو اس فیصلے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
منگل کو ایک ایوارڈ تقریب کے دوران گفتگو کرتےہوئے ویسٹ انڈیز کے سابقہ گیند بازمائیکل ہولڈنگ نے کہا کہ انگلینڈ کو صرف 4 روز پاکستان میں گزارنا تھے مگر اس نے دورہ منسوخ کردیا ،اگر یہاں پاکستان کی جگہ بھارت ہوتا تو انگلینڈ کبھی ایسا نہیں کرتا جیسا پاکستان کے ساتھ کیاکیوں کہ بھارت مضبوط اور امیر بورڈ ہے۔
مائیکل ہولڈنگ کا مزیدکہنا تھا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں انگلینڈ کا دورہ کیا، ای سی بی کو بچانے کیلئے کرکٹ کھیلی، ای سی بی کے پاس موقع تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے احسان کا قرض اتارتا، مگر اس نے ایسا نہیں کیا ۔
ویسٹ انڈین لیجنڈ کا کہنا تھا کہ انگلش بورڈ نے ایک بیان دیا اور بیان کے پیچھے چھپ گئے، کوئی سامنے آکر بات نہیں کررہا کیوں کہ انہیں بھی معلوم ہے کہ یہ غلط ہوا ہے۔
مائیکل ہولڈنگ نے کہا کہ ای سی بی کا بیان بھی ان کی سمجھ سے باہر ہے، اس میں کوئی وزن نہیں، سب بے کار کی باتیں کی گئی ہیں۔
ویسٹ انڈین لیجنڈ مائیکل ہولڈنگ نے ای سی بی کے رویے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مغربی گھمنڈ کی نشانی ہے کہ میں وہ کروں گا جو میری مرضی ہوگی، دوسرے کیا سوچتے اس کی پروا نہیں۔