سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے مبینہ ویڈیو اسکینڈل کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے، تاہم مین اسٹریم میڈیا پر اب تک اس متعلق کوئی بات نہیں کی جارہی۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کے شوہر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر نے اس حوالے سے نہایت سادہ انداز میں بڑی بات کہہ دی۔
صفدر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'لوگ ڈرے ہوئے ہیں، او بھائی نہ ڈرو، فلموں سے کچھ نہیں ہوتا، ہر ایک شخص کی فلم بنی ہوئی ہے، جرات سے کہو ہاں ہے فلم، ہم بھی آپ کی چلائیں گے۔'
صفدر اعوان کی ویڈیو کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے پی ٹی آئی ویمن ونگ کی ضلعی عہدیدار نازیہ ربانی نے کہا کہ 'میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، سینما ہال ہی نہ کھول لیں ن لیگ والے'۔
کیپٹن (ر) صفدر کے بیان پر عوام نے بھی مختلف ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
کچھ دن قبل لیگی رہنما محمد زبیر کی ایک متنازع ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا پر مختلف سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
کیپٹن (ر) صفدر کا یہ کہنا کہ "ہر ایک کی فلم بنی ہوئی ہے" نہایت معنی خیز بات ہے، قومی سیاست میں اس قسم کے اسکینڈلز ماضی میں بھی منظرعام پر آتے رہے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز بھی اپنے شوہر صفدر اعوان کی طرح محمد زبیر کی حمایت میں سامنے آگئی ہیں، انہوں نے بیان دیا ہے کہ محمد زبیر اُن کے اور پارٹی سربراہ میاں نواز شریف کے ترجمان رہیں گے۔