پاکستان کے صوبے بلوچستان کی حکومت نے تمام محکموں کے سربراہان اور سینیئر سرکاری افسران کو پابند کیا ہے کہ وہ اپنے موبائل فون نمبرز پر رنگ بیک ٹون "پاکستان زندہ باد" لگالیں۔
بدھ کو محکمہ ملازمت ہائے اور عمومی نظم و ضبط (ایس اینڈ جی اے ڈی) کے انتظامی شعبے کے سیکشن افسر بہادر خان کے دستخط سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اس بات کا فیصلہ چیف سیکریٹری بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔
اعلامیے میں تمام محکموں کے سیکریٹریز، ایڈیشنل سیکریٹریز، ڈپٹی سیکریٹریز اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اس فیصلے کی سختی سے تعمیل کریں۔
اعلامیے میں مختلف موبائل فون آپریٹرز کے نمبرز پر "پاکستان زندہ باد" رنگ ٹونز کیسے سیٹ کرنی ہے، اس کا طریقہ کار بھی بتایا گیا ہے۔
یہ مراسلہ تمام محکموں کے سربراہان کے علاوہ، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی بھیجا گیا ہے جبکہ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے تمام ایڈیشنل سیکریٹریز کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نہ صرف خود بلکہ اپنے ماتحت افسران کے موبائل فون پر بھی "پاکستان زندہ باد" رنگ ٹون لگائیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین نے حکومت بلوچستان کے اس فیصلے پر مختلف انداز میں تبصرے کیے ہیں۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے اس فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا۔
صحافی مبشر زیدی نے لکھا کہ 'ہر مرتبہ بلوچ بھائیوں کو پاکستان زندہ باد کا کیوں کہا جاتا ہے۔ یقین کیوں نہیں ہے کہ وہ بھی ہم جیسے بلکہ زیادہ محب وطن ہیں۔'
حسیب رئیسانی نے صوبائی حکومت کے ممکنہ اگلے اقدام کی پیشین گوئی بھی کردی۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ 'سرکاری افسران کو صرف سفید شلوار اور سبز کرتہ پہننے کی ہدایت کردی گئی ہے۔'.
ایک صارف نے لکھا کہ 'پاکستان زندہ باد دل سے کہنا چاہیے سرکاری حکم نامے کی کیا ضرورت ہے؟
شمس تمرانی نے کہا کہ ’بلوچستان کے لوگ سب سے زیادہ محب وطن ہیں۔'
فاروق نور لکھتے ہیں، 'ہم نے مسلط حکومت کے بارے میں سنا ہے۔ اب مسلط حب الوطنی۔'