اسلام آباد ہائیکورٹ نے نورمقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہرجعفر کے والدین کی درخواست ضمانت مسترد کردی اور ٹرائل کورٹ کو 8 ہفتوں میں کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں نور مقدم قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا ،فیصلہ اوپن کورٹ میں سنایاگیا۔
مختصرفیےل میں عدالت نے ملزمان ذاکرجعفراورعصمت جعفر کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں۔
جسٹس عامرفاروق نے ٹرائل کورٹ کو 8ہفتوں میں کیس کا مکمل ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ پولیس اپنے شواہد جلد عدالت میں پیش کرے، ٹرائل مکمل ہونے تک ملزمان جیل میں رہیں گے ، درخواست ضمانت پر تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ نورمقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفرکے والدین نے ضمانت کی درخواستوں دائر کی تھیں، عدالت نے 23 ستمبرکو فریقین کے دلائل مکمل ہونے پرفیصلہ محفوظ کیا تھا۔
رپورٹر: آصف نوید