پاکستان کے معروف سیسات دان اور مسلم لیگ ن سے وابستہ سابق گورنر سندھ محمد زبیر "ویڈیو لیک اسکینڈل" کا شکار ہوگئے ہیں، جس پر انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ویڈیو "جعلی" اور ان کے خلاف سیاسی داؤ ہے۔
سوال اٹھتا ہے کہ کہیں محمد زبیر جعلی ویڈیوز بنانے والی ٹیکنالوجی "ڈیپ فیک" کا شکار تو نہیں ہوگئے؟
دنیا بھر میں روزانہ ایسی جعلی ویڈیوز بن رہی ہیں جس میں لوگوں کو وہ کام کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جو انہوں نے کبھی کیا نہیں۔
اپریل 2018 میں سابق امریکی صدر باراک اوباما ایک ویڈیو میں نمودار ہوئے جہاں انہوں نے لوگوں کو خبردار کیا کہ 'ہم ایک ایسے دور میں داخل ہو رہے ہیں جس میں ہمارے دشمن ہمیں کچھ بھی کہتے ہوئے کسی بھی وقت دکھا سکتے ہیں، باوجود اس کے کہ ہم وہ چیزیں کبھی نہیں کہتے۔'
اس ویڈیو میں سابق امریکی صدر لوگوں کو تنبیہ کر رہے تھے کہ اس ڈیجیٹل دور میں کسی بھی بات پر بغیر تحقیق کیے یقین کرنا کسی بڑے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
باراک اوباما کی باتیں تقریباً تمام درست تھیں لیکن اس ویڈیو میں باراک اوباما تھے ہی نہیں بلکہ جورڈن پیلے نامی آدمی کا بنایا ہوا "ڈیپ فیک" تھا جو ہو بہ ہو اوباما لگ رہا تھا۔