اسلام آباد:جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کو سوالنامہ بھجوا دیا، شہبازشریف کو 20 سوالوں کے جواب 8 اکتوبر تک جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے )لاہور نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف فیملی کیخلاف جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات مکمل کرنے کیلئے شہباز شریف کو 20 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ بھجوایا ہے۔
ذرائع کے مطابق سوالنامہ شہباز شریف کو ان کی رہائشگاہ 96 ایچ ماڈل ٹاؤن پر ریسیو کروایا گیا جبکہ بطور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی ان کے چیمبر میں بھی فکس کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کیس میں ہونے والی تفتیش اور اس کے بعد ایک سوالنامے کی صورت میں بھی شہباز شریف سے ان سوالات کے جواب مانگے گئے تھے لیکن انہوں نے تاحال جواب جمع نہیں کروائے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو 8 اکتوبر تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ،بصورت دیگر 9 اکتوبر کو عدالت کو شہباز شریف کے مسلسل عدم تعاون پر آگاہ کیا جائے گا۔
25 ستمبر کو ایف آئی اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رضوان نے بینکنگ کورٹ میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ 20غریب افراد کے نام پر بنائے گئے 57بینک اکاؤنٹس میں ہونے والی ٹرانزیکشنز کی تحقیقات میں ملزمان تعاون نہیں کر رہے۔