اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے مسلم لیگ (ن) میں3گروپ بننے کی پیشگوئی کردی اور کہاکہ شہباز شریف کے خاندان میں وراثت کی لڑائی چل رہی ہے، وہ اپنے لئے دم درود کرائیں، اچھی بات ہے کہ حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان جوڈو کراٹے کا ماحول کم ہورہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آن آرائیول ویزے کی سہولت 50 ممالک سے بڑھا کر 65 کرنے جارہے ہیں، پاسپورٹ اورشناختی کارڈ کے معاملے پر نظر ثانی کر نے جارہے ہیں، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی سیکیورٹی کیلئے 15 مزید فیچرز لارہے ہیں، پاکستان خطے میں ای پاسپورٹ جاری کرنے والا پہلا ملک ہو گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ایف آئی اے کو سائبر کرائم کی ایک لاکھ درخواستیں مو صول ہوئی ہیں ، سائبر کرائمز والوں کو 2 ارب کے فنڈ جاری کررہے ہیں،نادرا نے 75 لاکھ لوگوں کو ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کئے، جعلی ویکسی نیشن کےمعاملے پر نادرا کا کوئی قصور نہیں ہے، نادرا کو ہدایت کی ہے آئندہ ایسی غلطی نہ ہو۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دستانے والے ہاتھ پاکستان کونقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، دہشتگردی کا خطرہ موجود ہے لیکن پاک فوج دہشتگرد ی سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، نیوزی لینڈ ٹیم کے دورے کو منسوخ کرنے والوں کے قریب پہنچ چکے ہی، انہیں پوری دنیا کے سامنے لائیں گے ،سنگاپور سے بھارت کے رابطوں اور 12 اکاؤنٹس پر مزید پیش رفت سامنے آرہی ہے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید نے مزیدکہا کہ شہبازشریف کوضمانت دیتےہیں کہ 2023 کے انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے، الیکشن کمیشن اور حکومت قریب آرہے ہیں جواچھی بات ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے انتخابات شفاف ہوں گے،ملک میں جوڈو کراٹے کا ماحول کم ہورہا ہے، (ن) لیگ جب الیکشن میں جائےگی اس وقت ایک نیا سیاسی ماحول ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ انتشاراور جوڈو کراٹے سے برباد ہوگی، شہباز شریف کے خاندان میں وراثت کی لڑائی چل رہی ہے، وہ اپنے لئے دم درود کرائیں، مسلم لیگ (ن) کو 2 کی بجائے 3 گروپ بنتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، (ن) لیگ کے گھر کی باتیں گھر میں رہیں تو اچھی بات ہے۔