سعودی عرب کے شہر مکۃ المکرمہ میں رہائش پذیر ایک پاکستانی خاتون کے ہاں گھر میں بچے کی ولادت کے دوران صورت حال اس وقت انتہائی پیچیدہ رخ اختیار کر گئی جب زچگی کے دوران بچے کا سر دھڑ سے جدا ہو گیا، جس کے بعد متاثرہ خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔
میڈیکل ذرائع نے آن لائن اخبار "سبق" کو بتایا کہ گذشتہ بدھ مکۃ المکرمہ میں بچوں کے ہسپتال میں پاکستانی شہریت کی حامل ایک خاتون انتہائی تشویش ناک صورت حال میں داخل کرائی گئیں۔ گھر میں زچگی کے کیس کے دوران ان کے ہاں پیدا ہونے والے نومولود کا سر دھڑ سے جدا ہو گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق زچگی کیس کی بیان کردہ تفصیلات میں بتایا گیا کہ نومولود کا ہاتھ والدہ کے رحم سے باہر تھا اور زچگی کا عمل بغیر آپریشن انجام پایا، بعد ازاں معلوم ہوا کہ نومولود کا سر جسم سے الگ ہو چکا ہے۔
خاتون کو ہسپتال لانے والے اس کے رشتہ دار بچے کا سر بھی ساتھ لے کر آئے تھے۔ ہسپتال میں ڈیوٹی پر موجود طبی عملے کو بتایا گیا کہ گھر پر ولادت کے دوران بچے کا سر غلطی سے دھڑ سے الگ ہو گیا ہے۔
ہسپتال حکام نے قانون نافذ کرنے والے حکام کو اس واقعے کی رپورٹ درج کردی ہے جبکہ زچہ صحت مند ہو کر گھر لوٹ گئیں۔ نومولود کا سر اور دھڑ نعشوں کے لیے مخصوص سرد خانے میں تفتیش کی غرض سے رکھوا دیا گیا ہے۔