لاہور:سابق وزیراعظم نوازشریف کے نام پر کورونا ویکسین کی جعلی انٹری کے معاملے پر کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم اور سینئر میڈیکل افسرڈاکٹر منیر کو معطل کردیا گیاجبکہ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی کورونا ویکسین کے غلط اندراج کے معاملے پر محکمہ صحت پنجاب نےبڑا ایکشن لے لیا۔
محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے نوٹیفکیشن کے مطابق غفلت اور نااہلی کے باعث کوٹ خواجہ سعید اسپتال لاہور کے ایم ایس ڈاکٹراحمد ندیم اور سینئرمیڈیکل آفیسر ڈاکٹر منیر احمد کو معطل کردیا۔
میاں منشی اسپتال کے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹراعجازبٹ کا کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں تبادلہ کرکے انہیں اسپتال کا ایم ایس کا اضافی چارج دے دیا گیا۔
جعلی کورونا ویکسی نیشن کے کیسز سامنے آنے پر شہری بھی تشویش کا اظہار کر ہےہیں۔
نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن کامعاملہ،ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش
دوسری جانب سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن کے معاملے کی ابتدائی رپورٹ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پیش کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق خواجہ سعید اسپتال کا وارڈ سرونٹ ،چوکیدار اور دیگر 2 ملازمین ڈیٹا انٹری کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسپتال میں ڈیٹا مانیٹرنگ کرنے کا کوئی نظام موجود نہیں،جعلی انٹری پرتھانہ گجر پورہ اور ایف آئی اے میں مقدمات بھی درج کرا دیئے گئے ہیں۔
نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن انٹری، ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا
ادھر سابق وزیراعظم نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن انٹری کرنے میں ملوث ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔
واقعے میں ملوث ملزمان عادل رفیق اور ابوالحسن نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے ایم ایس کوٹ خواجہ سعید کو معافی کیلئے درخواست دے دی۔
ملزم عادل رفیق نے اعتراف کیا کہ نوید نامی دوست نے اسے واٹس ایپ پرکال کےذریعے ویکسی نیشن کی انٹری کرنے کا کہا،نوید ایم ایس کے پی اے رانا مظفر کا دوست ہے۔
ملزم عادل رفیق نے درخواست کی کہ مجھ سےغلطی ہوگئی،مجھےمعاف کردیں۔
ملزم ابو الحسن نے اپنے بیان میں کہا کہ عادل رفیق نے اسے واٹس ایپ پرمسیج پر انٹری کرنےکا کہا۔
دوسری جانب ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کلئےی گزشتہ رات اسپتال میں چھاپہ مارا گیا تاہم دونوں ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ دونوں ملزمان کے موبائل فونز بھی بند جا رہے ہیں،نامزد ملزمان کوجلد گرفتار کر لیا جائے گا۔