اسلام آباد:سپریم کورٹ میں سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی نظرثانی کیس سننے والا بینچ ٹوٹ گیا، جسٹس منصور علی شاہ نے کیس سننے سے معذرت کر لی، عطاءالحق قاسمی وہیل چیئر پر عدالت میں پیش ہوئے
جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا3رکنی بینچ سماعت سے قبل ہی ٹوٹ گیا،جسٹس منصورعلی شاہ نے کیس سننے سے معذرت کرلی، نئے بینچ کی تشکیل کیلئے معاملہ چیف جسٹس گلزار احمد کو بھجوا دیا گیا۔
وکیل اکرم شیخ نے عدالت کو اگاہ کیا کہ عطاء الحق قاسمی کیس میں خود دلائل دینا چاہتے ہیں، درخواست کو نمبر لگانے کا حکم دیا جائے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کیس کی سماعت نہیں کررہے تو حکم نہیں دے سکتے۔
وکیل نے نمبر لگانا انتظامی کام کا مؤقف اپنایا تو جسٹس عمرعطاء بندیال نے ریمارکس دیئے کہ انتظامی کام ہے تو انتظامی طور پر نمبر لگانے کی ہدایت کر دیتے ہیں، آفس بتا رہا ہے درخواست پر عطاء الحق قاسمی کے دستخط بھی نہیں ہیں، عطاء الحق قاسمی اعتراض ختم کرا دیں نمبر لگ جائے گا۔